راولپنڈی (نمائندہ جنگ) کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے محکمہ مال کو جمع بندیوں کی تکمیل کیلئے ایک بار پھر نئی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔ جو کام کئی عشروں سے مکمل نہیں ہو سکا اُس کیلئے کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے 15دن کی مزید مہلت دی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ کئی برسوں سے آنے والے کمشنرز اپنی اپنی مدت تعیناتی میں بھی ڈیڈ لائن دے چکے ہیں۔ اس حوالے سے کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر آفس راولپنڈی کا دورہ کیا۔ انہیں ضلع راولپنڈی کے ریونیو ٹارگٹ اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سمیت دیگر انتظامی امور پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بریفننگ دی۔ ضلع بھر کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ خسرہ گرداوری، جمع بندی اور بلاک کھیوٹ کے مسئلے سمیت تمام ریونیو معاملات ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ تمام جمع بندیاں 15دنوں میں مکمل کی جائیں۔ زمین کی تقسیم تمام فریقین کی موجودگی میں کی جائے‘ یک طرفہ فیصلہ نہیں مانا جائیگا۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ریونیو کے حوالے سے کوئی بھی کیس 6ماہ سے زیادہ زیر التواء نہیں رہنا چاہئے۔ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی اور کام نہ کرنے والوں کیخلاف کاروائی ہوگی۔ ریونیو کے معاملات میں کوتاہی اور سست روی کی وجہ سے لوگوں کو شدید ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے‘ ہمارا کام ہے کہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے شہریوں کو مکمل معلومات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ کمشنر نے کہا کہ سڑکوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور گرین ایریاز میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور شہریوں میں درخت لگانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے اقدامات کریں۔ کمشنر نے کہاکہ جاری ترقیاتی منصوبے کی بروقت تکمیل کی جائے، معیار پہ کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دیا جائے‘ آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے بروقت اقدامات کئے جائیں کیونکہ گرمی کے موسم میں آلائشیں فورا بدبو چھوڑ دیتی ہیں جس سے تعفن اور جراثیم پھیل سکتے ہیں۔ لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی کہ عید الاضحی کے حوالے سے پلان تیار کرکے کمشنر آفس میں جمع کروایا جائے۔