تہران (آئی این پی )ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللحیان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کی ہمسایوں کے ساتھ پالیسی کا اہم لنک ہے اور ہماری خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خاص مقام حاصل ہے۔ پاکستان کے فارن سیکرٹری اسد مجید خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ میں کوئی حد نہیں ہے اور پاکستان کو ہماری ہمسایہ ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی میں ایک خاص مقام حاصل ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اچھے اور فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک اپنی تمام تر موجود ظرفیت کے ساتھ اپنے تعلقات کی تقویت کی کوشش کریں۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ نے ایران کے ساتھ فروغ پاتے تعلقات کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کو ایرانی اور پاکستانی حکام کے درمیان مختلف سیاسی موضوعات پر ہونے والی مشاورت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔