کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اور چیمپئن ٹیم لاہورقلندرز نے ڈربن فرنچائز کو خریدلیا ہے۔ لاہور قلندرز اب زیم ایفرو ٹی 10 کے افتتاحی ایڈیشن میں بھی ایکشن میں نظر آئے گی ۔ ٹیم کے مالکان عاطف نعیم رانا اور ثمین نعیم رانا ہیں۔ دونوں نے اس بات کا عندیہ دیا ہے ٹیم پاکستان سپرلیگ کی طرح زیم ایفرو ٹی 10 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔ لیگ میں مجموعی طور پر 5 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جن میں ڈربن قلندر کے علاوہ ہرارے ہریکینز، کیپ ٹاؤن سیمپ آرمی، بلاوایو بریوز اور جوبرگ لائنز شامل ہیں۔ زیم ایفرو ٹی 10 کا انعقاد ٹی 10 گلوبل اسپورٹس کے اشتراک سے کیا جارہا ہے لیگ کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا جس کا فائنل 29 جولائی کو کھیلا جائے گا ۔ اس کے تمام میچز ہرارے میں ہوں گے۔ کھلاڑیوں کا ڈرافٹ 2جولائی کو ہوگا۔ لاہور قلندرز اس سے قبل ابوظبی ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت کر چکی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور قلندرز عاطف رانا کا کہنا ہے کہ زیم ایفرو ٹی ٹین میں ڈربن قلندرز شاندار کارکردگی دکھائے گی گلوبل لیگز تک پہنچنا ایک سنگ میل ہے۔ ثمین رانا نے کہا کہ زیم ایفرو ٹی ٹین فارمیٹ بہت دلچسپ ثابت ہوگا، لیگ کےلیے پُرجوش ہیں۔