کراچی (اسٹاف رپورٹر) منگل کو اسلام آباد میں بین الصوبائی رابطے کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی او اے نے پی ایچ ایف انتخابات کو آئینی قراردے دیا۔البتہ وفاقی حکومت نے انہیں تسلیم کرنے سےانکار کردیا۔ چیئرمین کمیٹی نواب شیر وسیر نے ہاکی فیڈریشن کا پی ایس بی سے الحاق نہ ہونے پر عہدے داروں سے پوچھا کہ انہیں کس نے بلایا ہے ، جس پر پی ایچ ایف کے سیکریٹری سید حیدر حسین نے کہا کہ ہمیں خط بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب آئین کے مطابق کرائے ہیں، پی او اے اور عالمی تنظیم ہمیں تسلیم کرتی ہیں۔ پی او اے کے سکریٹری جنرل خالد محمود نے کہا کہ پی ایچ ایف انتخابات تسلیم شدہ ہیں۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری احمد حنیف اورک زئی نے کہا کہ الیکشن اسپورٹس بورڈ کے زیر نگرانی نہیں کروائے، انتخابات کی کوئی حیثیت نہیں۔ وفاقی حکومت موجوہ سیٹ اپ کو تسلیم نہیں کرتی جس پر قائمہ کمیٹی نے ہاکی فیڈریشن کے آفیشلز کو اجلاس سے چلے جانے کی ہدایت کی۔