• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

9 مئی جلاؤ گھیراؤ چیئرمین PTI کے ناقابل ضمانت وارنٹ، شاہ محمود اور اسد عمر کی ضمانتیں خارج، پچھلے دروازوں سے چلے گئے

لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں، جنگ نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید،جمشید اقبال چیمہ،مسرت چیمہ، مراد راس، حسان نیازی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، ملزمان کیخلاف ماڈل ٹاؤن اور نصیر آباد تھانوں میں کنٹینر جلانے اور توڑ پھوڑ کے مقدمات درج ہیں، .

ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اسدقیصر کی ضمانتوں کی درخواستیں خارج کر دیں، جسکے بعد تینوں رہنما گرفتاری کے پیش نظر عدالت کے مختلف دروازوں سے تیزی سے چلے گئے، شاہ محمود قریشی اور اسدعمر کیخلاف تھانہ ترنول میں اور اسد قیصر کی تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں درخواست خارج کی.

،توہین الیکشن کمیشن کیس میں ا لیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے عمران خان، شاہ محمودقریشی اور اسد عمر پر 11جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب جے آئی ٹی نے عمران خان چیئرمین تحریک انصاف کوعبدالرزاق شر قتل کیس میں 26جون کو طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت کئی رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی مگر گرفتاری نہیں ہوسکی۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، اسکے علاوہ حماد اظہر، میاں اسلم اقبال اور دیگر کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔

ملزمان کیخلاف تھانہ نصیر آباد میں کنٹینرجلانے اور تھانہ ماڈل ٹاؤن میں ن لیگ کے دفتر پر حملے کا کیس درج ہے۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اسدقیصر کی ضمانتوں کی درخواستیں خارج کر دیں جسکے بعد تینوں رہنما عدالت سے بھاگ نکلے۔

اہم خبریں سے مزید