اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے پاس معیشت کا علاج نہیں، یہ ملک اور قوم پر بوجھ ہیں۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی آگ میں جل رہے ہیں اور پارلیمنٹرینز کی مراعات میں اضافے ہو رہے ہیں۔ یونان کشتی حادثہ میں پاکستانیوں کی اموات کے ذمہ دارحکمران ہیں ، ان کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، ڈگری ہولڈرز ملک سے بھاگ رہے ہیں۔ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ ظلم اور ظالم کے خلاف ووٹ کی طاقت سے جہاد کریں، جماعت اسلامی نے حکمران پارٹیوں کا ساتھ نہیں دیا، ہمیں علم تھا کہ ان کا ایجنڈا قوم کا نہیں ذاتی مفادات کا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دیرپائن کی تحصیل میدان میں جمعیت طلبہ عربیہ کی طرف سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کا موقف ہے کہ آئی ایم ایف کے قرضوں سے ملک ترقی نہیں کر سکتا،قوم کو آج تک پتا نہیں چلا کہ اربوں ڈالر کے قرضے کہاں گئے، جنھوں نے قرضے لیے خود ادا کریں۔امیر جماعت نے کہا کہ ملک پر مسلط سیاسی جماعتیں ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے کلبز ہیں جنھیں اقتدار میں آنے کا بار بار موقع ملامگر انھوں نے ہر دفعہ قوم کو دھوکا دیا۔