اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ غریبوں پر مہنگائی کے ڈرون حملے جاری ہیں، وزیرخزانہ کی جانب سے سوا دو سو ارب کے مزید ٹیکسز کو مسترد کرتے ہیں عوام کا خون نچوڑنا بند کیا جائے 13جماعتی اتحاد نے آئی ایم ایف اور استعمار کی غلامی میں تمام حدیں پار کر دیں حکومتی مراعات کم ہوئیں نہ کابینہ کا سائز، سارا بوجھ عام آدمی پر ڈالا جا رہا ہے، غیرترقیاتی اخراجات میں کمی لائی جائے، سودی معیشت اور کرپشن کے ناسور نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دیں انصاف کا بے لاگ نظام، امن اور مستحکم معیشت بہتر حکمرانی کے بنیادی انڈیکیٹرز ہیں ملک پر ایک ہی ٹولہ کے افراد نسل در نسل حکمرانی کر رہے ہیں، وسائل پر دوفیصد اشرافیہ قابض ہے 85فیصد آبادی پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہے قوم فیصلہ کرے کہ سٹیٹس کو برقرار رکھنا ہے یا ظالم جاگیرداروں اورکرپٹ سرمایہ داروں کو ہی بار بار موقع دیتے رہنا ہے مردان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا نوجوان بیروزگار اور مایوس ہے موجودہ اور ماضی کی حکومتوں نے صوبہ کے وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کیلئے استعمال نہیں کیا ملک بھر میں مایوسی اور بے چینی ہے عوام حالات سے تنگ ہیں، اشیائے خورونوش اور ادویات کے نرخ 50فیصد نیچے لائے جائیں،حکمران جماعتوں میں بہتری لانے کی صلاحیت نہیں یہ ایکسپوز ہو گئی ہیں انکی پالیسیوں میں تسلسل ہے انھوں نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔