کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ورلڈ کپ کوالی فائنگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان زمبابوے نے کمزورامریکی ٹیم کو304رنز کے ریکارڈ مارجن سے شکست دی۔ ویسٹ انڈیز اور نیدر لینڈ کا میچ ٹائی ہوگیا۔ نیدر لینڈ آخری گیند پر ایک رن نہ بناسکی اور سابق عالمی چیمپئن دوسری شکست سے بچ گئی لیکن نیدر لینڈ نے میچ سپر اوور میں جیت لیا۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں پیر کو زمبابوے نے رنز کے اعتبار سے ون ڈے انٹرنیشنل میں دوسری بڑی فتح حاصل کی۔ زمبابوے نے6وکٹ پر408رنز بنائے، ناکام ٹیم104رنز بنا پر ڈھیر ہوگئی ۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں سب سے بڑی فتح بھارت کی سری لنکا کے خلاف 317 رنز کی ہے۔ شان ولیمز نے101گیندوں پر174رنز بنائے اور دو کیچ بھی لئے۔ انہوں نے21چوکے اور5 چھکے لگائے ۔ جوائے لارڈ نے78، سکندرر رضا نے48 اور برل نے47 رنز بنائے۔ ون ڈے کرکٹ میں یہ زمبابوے کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ سکندر نے دو وکٹ بھی حاصل کئے۔ دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے6 وکٹ پر374رنز بنائے جواب میں نیدر لینڈ نے9وکٹ پر374رنز بنائے۔ تیجا ندا مانورو نے111اور اسکاٹ ایڈورڈزنے67رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے نکلوس پورن نے65گیندوں پر104ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ زمبابوے،نیدر لینڈ اور ویسٹ انڈیز پہلے ہی سپر سکس میں کوالی فائی کرچکے ہیں۔