کراچی(اسٹاف رپورٹر)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر میں بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ۔ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان نریندر مودی اسٹیڈیم احمد آباد میں15اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم حیدرآباد دکن،بنگلور ، چنئی اور کول کتہ میں بقیہ گروپ میچ کھیلے گی۔بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اپنی مہم کے آغاز میں ابتدائی دو میچوں میں کوالی فائر ٹیموں کے خلاف ایکشن میں ہوگی۔دس ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم 9,9میچ کھیلے گی۔پانچ اکتوبر کو افتتاحی میچ گذشتہ ورلڈ کپ کی فائنلسٹ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔سیمی فائنل15اور16نومبر کو ممبئی اور کول کتہ میں ہوں گے جبکہ احمد آباد میں فائنل19نومبر کو کھیلا جائے گا۔45لیگ اور تین ناک آوٹ میچ احمد آباد،بنگلور ،چنئی،کول کتہ ،ممبئی ، لکھنوء،دھرم شالا،پونے،اور نئی دہلی میں ہوں گے۔ورلڈ کپ 46دن کا ہوگا۔ڈے میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے اور ڈے اینڈ نائٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے۔پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد دکن میں کھیلے گا جبکہ قومی ٹیم کا دوسرا میچ 12 اکتوبر کو کوالیفائر 2 کے خلاف حیدرآباد دکن میں ہو گا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا، قومی ٹیم20اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بنگلور کے میدان میں اترے گی۔پاکستان ٹیم23اکتوبر کو افغانستان کے خلاف چنئی میں میچ کھیلے گی اور27 اکتوبر جنوبی افریقا جبکہ31اکتوبر کو بنگلہ دیش سے میچ کھیلے گی۔پاکستان ٹیم 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 12 نومبر کو انگلینڈ سے آخری گروپ میچ کھیلے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز رواں برس بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کی ٹرافی ٹور کا منفرد انداز میں خلا سے آغاز ہوا تھا۔آئی سی سی ورلڈکپ ٹرافی منگل سے بھارت کے مختلف شہروں کا دورہ کررہی ہے جبکہ ٹرافی 31 جولائی سے 4اگست تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ورلڈکپ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ پہلے ہی زمبابوے میں جاری ہے۔تین ہفتوں پر مشتمل یہ اہم ٹورنامنٹ فیصلہ کرے گا کہ کون سی ٹیمیں اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کا حصہ ہوں گی، اس ٹورنامنٹ کے لیے ویسٹ انڈیز، زمبابوے، نیدرلینڈز، نیپال اور یو ایس اے کی ٹیموں کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے معاملات طے نہ ہونے کی وجہ سے شیڈول تاخیر کا شکار ہوا۔ 2015میں ورلڈ کپ کا شیدول ایک سال پہلے منظر عام پر آیا تھا۔منگل کو ممبئی میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلر ڈائس اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ کی موجودگی میں شیڈول کا اعلان کیا گیا۔ورلڈ کپ کا فارمیٹ2019 کا ہے۔میزبان بھارتی ٹیم پہلا میچ8اکتوبر کو چنائے میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔بھارتی ٹیم دس گراونڈ ز میں سے9پر گروپ میچ کھیلے گی۔آسٹریلوی ٹیم 8شہروں میں میچ کھیلے گی۔