روم (اے ایف پی) اطالوی وزیراعظم جارجیوا میلونی نے بدھ کے روز مہنگائی پر قابو پانے کیلئے یورپی سینٹرل بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ یہ ایسا طریقہ علاج ہے جو بیماری کو مزید بڑھا رہا ہے، شرح سود میں اضافہ مزید تباہ کن ثابت ہورہا ہے۔ پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یورپی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود کو بڑھانے کا طریقہ کار کار گر ثابت نہیں ہورہا ہے۔ ہمارے ممالک میں مہنگائی میں تیزی سے بڑھتا ہوا اضافہ معیشت کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ اس کے دیگر عوامل ہیں، مہنگائی کی بڑی اور مرکزی وجہ توانائی کا بحران ہے جو یوکرین تنازع سے پیدا ہوا ہے، میلونی یورپی سینٹرل بینک کے صدر کرسٹین لیگارڈ کی جانب سے جولائی میں شرح سود میں مزید سے متعلق انتباہ پر اپنے رد عمل کا اظہار کررہی تھیں۔