کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاڑکانہ، دادو ،قمبر ،شہداد کوٹ اور دیگر تمام متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کر دی گئی ہے، صوبائی وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ سابق صدر اصف علی زرداری کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کی بجلی بحالی کے کام کی خود نگرانی کی، بجلی کی بندش کی وجہ سے عوام کو ہونے والی تکلیف پر معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں شدید طوفان کی وجہ سے ہائی ٹرانسمیشن لائن کے 9 پول گر گئے تھے جس کی وجہ سے ان علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی تھی امتیاز شیخ نے کہاکہ سیپکو کے ملازمین عید کی چھٹیوں پر تھے جس کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کے کام میں تاخیر ہوئی اور حیسکو اور سیپکو وفاقی ادارے ہیں جو براہ راست صوبے کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے،واضح رہے کہ لاڑکانہ، دادو، شہدادکوٹ اور قمبر سمیت متعدد علاقوں میں چار روز سے بجلی کی بندش کا سابق صدر آصف علی زرداری نےنوٹس لیتے ہوئے وزیر توانائی سندھ کو فوری طور پر تمام متاثرہ اضلاع کی بجلی بحال کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد وزیر توانائی سندھ فوری طور گڑھی یاسین پہنچ گئے کام کا خود جائزہ لیا کام مکمل ہونے تک کیمپ قائم کیا اور سی ای او سیپکو سمیت تمام افسران کو فوری طور پر متاثرہ جگہ طلب کر لیا۔ امتیاز شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شدید طوفان کے سبب ہائی ٹرانسمیشن لائن کے 9 پول گرجانے کی وجہ سے ترسیلی نظام رک گیا جس کی وجہ سے لاڑکانہ، دادو اور دیگر اضلاع متاثر ہوئے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ سیپکو عملے نے شدید گرمی کے باوجود محنت کرکے بجلی کی بحالی کا کام مکمل کیا ہے۔ امتیاز شیخ نے شہریوں کو بجلی کی عدم فراہمی پر معذرت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ائندہ تین روز تک تمام متاثرہ علاقوں کو لوڈ شیڈنگ فری قرار دیا جائے جہاں جہاں بجلی کا بحران رہا وہاں 3 روز تک بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔