کوئٹہ( این این آئی) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے خضدار کے صحافی محمد خان ساسولی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بی یو جے کے صدر عرفان سعید ،جنرل سیکرٹری منظور احمد اور کابینہ کے دیگر ارکان نےحملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے اللہ تعالی کا شکر ہے کہ صحافی محمد خان ساسولی واقعے میں معجزانہ طور بچ گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں پر بڑھتے حملے خطرناک اور غیر معمولی ہیں۔ حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے، بی یو جے کی قیادت نے صوبائی حکومت صوبائی وزیر داخلہ میر یاء لانگو، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ سے مطالبہ کیا ہےکہ صحافی محمد خان ساسولی پر ہونے والے حملے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کرائیں اور تمام محرکات سامنے لائے جائیں ورنہ صحافی برادری سخت لائحہ عمل اپنانے سے گریز نہیں کرے گی۔