راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) سیکرٹری ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب ساجد ظفر ڈال نے راولپنڈی کا دورہ کیا اور نالہ لئی صفائی کام کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایت کی کہ اگلے دو ماہ کے دوران محکمہ موسمیات کیساتھ کوآرڈنیشن رکھتے ہوئے نشیبی علاقوں میں مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے تاکہ کسی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ نالہ لئی اور شہر کے بڑے نالوں اور سیوریج لائنوں کی بروقت صفائی ضروری ہے۔ ایم ڈی واسا محمد تنویر نے بتایا کہ نالہ لئی صفائی کا کام کٹاریاں پل سے مری روڈ تک مکمل کر لیا گیا ہے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے آر ڈی اے کا بھی دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے راولپنڈی رنگ روڈ‘ لئی ایکسپریس وے‘ کچہری چوک اور دیگر منصوبوں بارے بریفنگ دی۔