• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کوغیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اوراسلحہ سے پاک کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی کوترجیحی بنیادوں پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اوراسلحہ سے پاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عسکری حکام نےسول انتظامیہ کوکہا ہے کہ انٹیلی جنس سپورٹ سے ایسی غیر قانونی سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف کارروائی کریں جو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں ڈیلی ویجز پر گارڈز یا افغانیوں کو ملازمت دلا رہی ہیں۔ ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں صرف رجسٹرڈ سیکورٹی ایجنسیوں کے گارڈز ہی تعینات کئے جاسکیں گے۔ متعلقہ مجاز حکام کے این او سی کے بغیر ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں کام کرنے والی سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جوائنٹ آپریشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ فیصلے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی وجہ سےمجرمانہ سرگرمیوں میں اضافہ کے حوالے سے اعلی عسکری و سول حکام کےمشترکہ اجلاس میں کئے گئے ۔۔اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن ، آر پی او،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی،سی پی او نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے پلاٹس کی خریدو فروخت کو بند کرنے کیلئے صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے۔سول انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ عسکری اداروں اور آر ڈی اے کے ساتھ ملکر راولپنڈی ریجن کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مالکان اور پراپرٹی ڈیلرز کے ساتھ میٹنگ کرکے ان کو غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی معلومات اور ان میں ہونے والی فراڈ خریدو فروحت سے آگاہ کریں۔اس سلسلے میں عسکری حلقے سول انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔اجلاس میں راولپنڈی میں کام کرنے والی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے حوالے سے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا،بل بورڈز کے زریعے عوام کو آگاہ کرنے کیلئے بھی کہاگیا۔
اسلام آباد سے مزید