اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہاہے کہ سعودی عرب کی جانب سے2ارب ڈالر کے ڈیپازٹس اسٹیٹ بینک کو موصول ہوگئے ہیں‘آنے والے دنوں میں مزید اچھی خبریں آئیں گی‘پاکستان میں معاشی استحکام آچکاہے‘ اب ہمیں پائیدارمعاشی نموکے سفر کوآگے لیکر جانا ہے۔ سعودی عرب سے دو ارب ڈالر کی منتقلی کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی منگل کو تیزی دیکھنے میں آئی اور 100 انڈیکس 14 ماہ بعد 45 ہزار پوائنس کی حد عبور کرگیا۔ادھروزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے802ارب ڈالر کی فنانسنگ گیپ کا پلان تسلیم کر لیا ہے جس کے تحت آئی ایم ایف سمیت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے فنڈنگ حاصل کی جائے گی‘آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کا اجلاس آج ہو گا جس میں بورڈپاکستان سے معاہدے اور تقریبا 1.1 ارب ڈالرز کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے گا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کویہاں میڈیا سے گفتگو میں وزیرخزانہ نے کہاکہ چند ہفتے قبل سعودی عرب نے پاکستان کو دوارب ڈالرکی معاونت فراہم کرنے کااعلان کیاتھا، الحمدللّٰہ سعودی عرب کی جانب سے یہ معاونت پاکستان کوموصول ہوگئی ہے جس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔