کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ اور پی ٹی آئی نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کوئی پاکستان کی باری نہیں لگاسکتا ۔ مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان ، پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے کسی بلاک میں شامل ہے نہ ہوگا۔ تحریک انصاف کے عون عباس نے محمود اچکزئی کی قومی حکومت کی تجویز سے لاتعلقی کا اظہار کیا جبکہ ایران اور سعودیہ فاصلے کم کرانے پر پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ آج اپوزیشن رہنما وزیراعظم کی بریفنگ میں شریک نہیں ہوئے۔ محمود خان اچکزئی کہتے ہیں کہ پاکستان اس وقت مشکل میں ہے اور اس بحران سے نمٹنا ایک پارٹی کے بس کی بات نہیں ہے وزیراعظم ہاؤس ہمارے لئے قابل قدر ہے تاہم تحریک انصاف نے اجلاس میں وزیراعظم ہاؤس جانے سے انکار کیا ہماری تجویز یہی تھی کہ بہتر یہی ہوگا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں بریفنگ دی جائے ۔ آج ہم نے وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کی ہم چاہتے ہیں کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں بریفنگ دی جائے ۔