پشاور(ایجنسیاں، جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین بنانے کا اعلان کردیا۔ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین میں سابق وزیراعلیٰ محمود خان سمیت57 ارکان اسمبلی شامل ہو گئے، پارٹی اعلامیے کہا گیا ہے نئی پارٹی کا قیام سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی میں اختلافات اور احتجاج کی صورت سامنے آیا، نئی پارٹی میں شامل سیاسی رہنما سابق وزیراعظم عمران خان کو سانحہ 9مئی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں۔جبکہ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ سوچنا چاہئے تحریک انصاف نے تین چار بار الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کئے، یہ بہت بڑا راز ہے جو سب کی آنکھیں کھول دیگا کہ پی ٹی آئی کا پروگرام کیا تھا؟ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز بنانے والےسابق وزیراعلیٰ اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے، تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا سے مکمل خاتمہ ہوگیا ہے۔ ایک بیان میں پرویز خٹک نے کہا کہ کیا ہم نے جمہوریت کے راستے پر چلنا ہے یا انتشار کے راستے پر، یہ سوال بہت گہرا ہے، کیا وجوہات ہیں کہ تحریک انصاف نے الیکشن تسلیم نہیں کیا؟سابق وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف نے کیوں یہ وقت ضائع کیا یہ ایک بہت بڑا راز ہے، جب یہ راز کھلے گا تو سب کی آنکھیں کھول دے گاکہ تحریک انصاف کا پروگرام کیا تھا؟پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز نے اعلامیہ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ 10 سال سے حکومت کرنے والی پارٹی صوبے کی سیاست سے ہی آؤٹ ہوگئی۔اعلامیے کے مطابق خیبر پختونخوا میں نئی سیاسی پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جسکا نام پاکستان تحریکِ انصاف پارلیمنٹرینز ہے اور پرویز خٹک کو سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کےپی محمودخان، سابق وزرا اوردرجنوں ارکان شامل ہوئے ہیں جبکہ نئی پارٹی میں گزشتہ حکومت سے وابستہ 57 سے زائد اراکین اسمبلی شامل ہیں اور مزید شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے اعلامیے کے مطابق نئی پارٹی کا قیام سانحہ 9 مئی پر پی ٹی آئی میں اختلافات اور احتجاج کی صورت سامنے آیا، نئی پارٹی میں شامل سیاسی رہنما سابق وزیراعظم عمران خان کو سانحہ 9 مئی کا ذمہ دارقرار دے رہے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کو عوام اور پارٹی کی قیادت نے مسترد کردیا، سانحہ 9 مئی پر محب وطن سیاست دانوں نے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کردیں۔ذرائع کے مطابق پرویزخٹک نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری سے بھی رابطہ کیا۔سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ سے ملاقات اور انہیں اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی دعوت پر ہشام انعام اللہ نے کہا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے، بعد میں میری حمایت نہیں کی اس پر پرویز خٹک نے کہا کہ مجھے سائیڈ لائن کیا گیا تھا، میرے ساتھ بھی برا ہوا ہے۔