کراچی (جنگ نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض کا کہناہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق اسمبلیاں 12 اگست کو اپنی مدت ختم ہونے سے چار دن پہلے 8 اگست کو تحلیل ہو جائیں گی‘نگران وزیر اعظم کے ناموں کے حوالے سے یکم اگست کے قریب ان کی وزیر اعظم سے ملاقات متوقع ہے‘تحریک انصاف کے منحرف ارکان پر مشتمل ایک گروپ بھی بنایا جائے گا۔ایک انٹرویو میں راجہ ریاض کا کہناتھاکہ90روز میں انتخابات کے انعقاد کو مد نظر رکھتے ہوئے نگران حکومت بنائی جائے گی جو 90 روز ہی کے اندر انتخابات کروانے کی پابند ہوگی۔نگراں وزیراعظم کے لیے تین، تین نام میں نے اور وزیر اعظم نے دینے ہیں۔ ان ناموں میں سے کسی ایک نام پر ہم متفق ہو گئے تو اس پر میرے اور وزیراعظم کے دستخط بھی ہوں گے۔