کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کیا ہے، دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کے فروغ اور انسداد دہشتگردی کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ پاکستان کی معاشی بحالی اور افغانستان سمیت مشترکہ علاقائی خدشات کے حوالے سے امریکا کی حمایت پر بھی تبادلہ خیال ہوا، امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ تعمیری، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کا خواہاں ہے، بلاول بھٹو نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے میں امریکی حمایت پر شکریہ ادا کیا جبکہ خطے میں دہشتگردی سے نمٹنے اور افغانستان میں قیام امن کیلئے جاری تعاون پر بھی بات چیت ہوئی ، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انٹونی بلنکن اور بلاول بھٹو نے پاک-امریکا تعلقات میں مثبت پیش رفت کی نشاندہی کی اور امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے تعمیری طور پر مصروف عمل رہنے پر اتفاق کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے ایک بیان میں کہا کہ انٹونی بلنکن نے بلاول بھٹو کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی، تاکہ امریکا اور پاکستان کی تعمیری شراکت داری کی تصدیق کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بلنکن نے پاکستان کے عوام کے ساتھ امریکا کے تعاون میں ثابت قدمی پر زور دیا اور اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکا، تکنیکی اور ترقیاتی اقدامات اور مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ کے دوران سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی اعلیٰ امریکی عہدیدار افغانستان کا دورہ نہیں کررہا، افغانستان میں حالات کے مطابق مناسب کارروائی کریں گے ۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے ساتھ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کی منظوری کا بھی خیر مقدم کیا اور معاشی بحالی اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے مسلسل اصلاحات کی حوصلہ افزائی کی۔میتھیو ملر نے کہا کہ انٹونی بلنکن نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ اقدار اس شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔