• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میکسیکو اور چلی سے 2 خواتین کی شادی کیلئے بونیر اور چارسدہ آمد

پشاور،چارسدہ (نیوز ایجنسی، نمائندہ جنگ ) خیبرپختونخوا میں ایک ماہ کے دوران 4 غیر ملکی لڑکیاں اپنے چاہنے والوں سے ملنے پاکستان پہنچ گئیں۔ انجو اور چائنیز لڑکی سونگ گوفنگ کے بعد بونیر کے علاقے شلبانڈی میں میکسیکو کی روسی نامی خاتون کی شادی کے چرچے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں جبکہ چلی سے بھی نیکولا نامی لڑکی نے پاکستان پہنچ کر چارسدہ کے 27سالہ جوان اکرام سے شادی کرلی، دونوں خواتین نے اسلام بھی قبول کرلیا ۔پی پی آئی کے مطابق میکسیکو کی خاتون روسی اور اعزاز کے درمیان فیس بک دوستی 27 جون کو شادی میں تبدیل ہوئی، بونیر کے 18 سالہ اعزاز علی نے میکسیکو کی 49 سالہ خاتون روسی سے شادی کرلی۔ میکسیکو کی روسی نے عیسائی مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کرلیا، ر وسی کا اسلامی نام عائشہ رکھا گیا ہے، دْلہا اعزازعلی نے میٹرک کا امتحان دیا ہے، رزلٹ آنے بعد وہ بھی میکسیکو روانہ ہو گا۔چارسدہ سے نمائندہ جنگ کے مطابق جنوبی امریکی ملک چلی سے بھی نیکولا نامی لڑکی نے پاکستان پہنچ کر چارسدہ کے 27سالہ جوان اکرام سے شادی کرلی۔ تفصیلات کے مطابق چیلی ساؤ تھ امریکہ سے چارسدہ آنیوالی 36سالہ نیکولی آنار نے اسلام قبول کر کے پسند کی شادی رچا لی ۔ لڑکی کا اسلامی نام نورین رکھ دیا گیا ۔ اسلام قبول کرنے کے بعد نورین اکرام اللہ خان کے ساتھ باقاعدہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ۔نو مسلم نورین نے نماز اور دیگر عبادات بھی شروع کردی ہیں ۔ وہ سپینش زبان بولتی ہے اس نے صحافیوں کی طرف سے انگریزی زبان کے سوالات کے جوابات سپینش زبان میں دیے ۔ نورین بی بی کا کہنا ہے کہ محبت کی شادی پر وہ بہت خوش ہے وہ اکرام اللہ خان سے بہت محبت کر تی ہے، پاکستان کے لوگ اور یہاں کی فضا بہت خوبصورت ہے۔ میڈیا سے بات چیت کر تے ہو ئے اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ دونوں کے مابین گزشتہ رمضان المبارک میں سوشل میڈیا پر دوستی ہو ئی تھی جو آج شادی میں بدل گئی ، دو بار نورین بی بی کا ویزہ کینسل ہوا جس کے بعد انہوں نے پاکستان سے ٹکٹ بھیجا ۔ اکرام اللہ کا کہنا تھا کہ ان کے والدین فوت ہو چکے ہیں ،ان کی بہنیں اور خاندان کے لوگ شادی پر بہت خوش ہیں ، انکی نوبیاہتا دلہن پاکستان میں رہنا چاہتی ہے مگر ان کا کہنا ہے کہ یہاں زندگی گزارنا مشکل ہو گا ۔ اکرام اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی بہن اور نانی نے نورین کو کلمہ اور نماز سکھائی ۔ نورین کی مادری زبان سپینش ہے اور دیگر زبانوں سے سپینش زبان میں ٹرانسلیٹ کرکے بات کر تی ہے ۔ نورین بی بی ساؤتھ امریکہ میں ایک موبائل کمپنی میں منیجر کے عہدے پر کام کر تی ہے ۔
اہم خبریں سے مزید