خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) بارش اور بلوچستان کے پہاڑی نالے گاج سمیت دیگر نالوں سے آنیوالے پانی کے بعد دادو ضلع کے کاچھو اور کچے کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے پر پاک فوج ضلعی ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی۔اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر دادو سید مرتضی علی شاہ کی جانب سے پاک فوج کے کرنل آفتاب بشیر کے ساتھ ایم این وی ڈرین اور ایف پی بچاؤ بند کا دورہ کرکے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیاجبکہ کرنل آفتاب بشیر کی جانب سے پہاڑی نالہ انگئی، نلی اور گاج میں بارش کے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر ڈی سی کی جانب سے ایف پی بند اور ایم این وی ڈرین میں پانی کی تازہ صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔یاد رہے کہ کاچھو کے علاقہ میں پہاڑی نالوں میں طغیانی آجانے اور شگاف پڑنے سے سڑکیں زیر آب آجانے سے پچاس سے زائد دیہات کا دادو سے زمینی رابطہ پانچ دنوں سے منقطع ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں پانی میں پھنسے ہوئے دیہاتی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔