اسلام آباد(خالد مصطفیٰ )سی پیک کی دسویں سالگرہ کے موقع پر چین کے نائب وزیراعظم ہی پی فنگ کے تین روزہ دورئہ پاکستان کے تناظر میں نیپرا نے 30سال کیلئے 78.7سینٹس (34.22) روپے فی یونٹ بجلی کے ٹیرف کی منظوری دیدی ہے۔ یہ ٹیرف سی پیک کے تحت تعمیر ہونیوالے 300میگاواٹ کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹ کیلئے ہو گا۔ یہ مجوزہ پلانٹ تین سال کے عرصہ میں بجلی کی پیداوار شروع کر دیگا۔ نیپرا نے 80-20قرضہ اور ایکویٹی کے تناسب سے یہ ٹیرف طے کیاہے۔ یہ انتہائی اہمیت کا حامل پروجیکٹ ہے جو 2017ء سے6سال کے عرصےمیں کئی اتار چڑھاؤ سے گزرا ہے۔2019ء میں اس مجوزہ پاور پلانٹ کا ٹیرف 05.1ڈالر فی یونٹ پے کیا گیا تھا۔ جبکہ تحریک انصاف کی گزشتہ حکومت نے اس پلانٹ کو شمسی توانائی پر چلانے کا فیصلہ کیا بعدازاں یہ بھی تجویز آئی کہ کوئلہ کے ذخائر کو مدنظر رکھ کر منصوبہ تھر منتقل کر دیا جائے۔