• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی مری روڈ پر بڑے شاپنگ مالز میں آتشزدگی، دم گھٹنے سے محنت کش جاں بحق

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر‘ خبر نگار خصوصی) راولپنڈی مری روڈ سکستھ روڈ پر واقع تین بڑے شاپنگ مالز رابی سنٹر، گلف سنٹر اور چائنہ سنٹر میں عاشورہ کے روز شارٹ سرکٹ سے خطرناک آگ بھڑک اٹھی۔ تیز آگ نے پورے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ فائر بریگیڈ اور 1122کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ نے پلازوں میں موجود ہزاروں دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ لگنے کے باعث کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہوا۔ بھاری مالیت کےسلے ان سلے کپڑے اوردیگرسامان جل گیا جبکہ دم گھٹنے سے 18سالہ محنت کش منیب ولد حاجی سلیم جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122کی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں تاہم ریکسیو 1122 کی تین گاڑیاں جو سب سے پہلے موقع پر پہنچیں اُن میں ٹیکنیکل فالٹ کے باعث آگ بجھانے کا عمل شروع نہ کیا جا سکا جس کے بعد مزید گاڑیاں منگوائی گئیں۔ متاثرہ دکانداروں کا کہنا تھا کہ وقت پر آگ بجھانے کا عمل شروع کر دیا جاتا تو نقصان ہونے میں کافی حد تک بچت ہو سکتی تھی۔ ریسکیو 1122کے اہلکاروں اور فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کیلئے آٹھ فائر ٹرکوں اور خصوصی ریسکیو گاڑیوں کے ساتھ پلازوں کی دوسری اور تیسری منزل پر لگی آگ پر قابو پا لیا۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ پاپولیشن ویلفیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے ریسکیو آپریشن کا معائنہ کرنے کیلئے خود مری روڈ پر جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اطلاع ملنے پر دکاندار بھی موقع پرپہنچنا شروع ہو گئے۔ آگ کی شدت دیکھتے ہوئے اسلام آباد سے سی ڈی اے فائربریگیڈ اور بحریہ ٹاؤن فائربریگیڈ کوبھی طلب کرلیاگیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ کپڑوں کی دکانوں میں لگی جس سے بھاری مالیت کا کپڑا اوردیگرسامان جل کررکھ ہوگیا جب کہ عمارتوں کوبھی نقصان پہنچا ، مسلسل 6گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرفائٹنگ آپریشن کے بعد شام 7بجے آگ پرقابوپالیا گیا، انجمن تاجران گلف ورابی سینٹرزکے صدرسمیع خان نے جنگ سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آتش زدگی سے تقریباً ایک ارب سے زیادہ کانقصان ہوا۔ گلف سینٹر کے سیکنڈفلورپر آگ لگی جہاں 70کے قریب دکانیں اورگودام ہیں۔ بعدازاں آگ نے متصل پلازہ میں واقع رابی سینٹر کے سیکنڈفلورکوبھی لپیٹ میں لے لیا جہاں 40دکانیں ہیں۔ دونوں سینٹروں میں سلے اوران سلے کپڑوں، برائیڈل سوٹس کی دکانیں ہیں جہاں قیمتی ملبوسات فروخت ہوتے ہیں۔انہوں نے شارٹ سرکٹ کے امکان کو مسترد کیا۔ انجمن تاجران گلف سینٹر ورابی سینٹر کے سابق صدر جانی خان نے کہا ہم کچھ نہیں کہہ سکتے کہ آگ کیسے لگی۔ صوبائی وزیر نے متاثرہ پلازوں کا دورہ کیا اور پلازوں میں نقصان کا تخمینہ لگانے کی ہدایت جاری کی۔ موبائل سگنلز معطل ہونے کی وجہ سے ریسکیو 1122بروقت نہیں پہنچ سکی۔ ریسکیو انچارج صبغت اللہ نے کہاہے کہ ہماری فرسٹ رسپانس گاڑی فوری طور پر پہنچی تاہم بقیہ گاڑیوں کو ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد سے مزید