• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کے افتتاح سے قبل ہی بھارہ کہو بائی پاس ٹوٹ پھوٹ کا شکار

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) افتتاح سے پہلے ہی بھارہ کہو بائی پاس ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔ حالیہ بارشوں نے ساڑھے 6ارب روپے کی خطیر لاگت کے پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کے معیار کا بھانڈا پھوڑ دیا۔ بھارہ کہو بائی پاس پر تین چار مقامات پر کریکس پڑنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ اس کا تعمیراتی ٹھیکہ سی ڈی اے نے این ایل سی کو دیا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف رواں ہفتے کسی بھی دن اس کا افتتاح کرینگے۔ شہریوں نے ناقص معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ صرف سڑک پر کریکس نمودار ہوئے بلکہ انڈر پاس کی دیوار پر بھی کریکس نکل آئے ہیں۔ ادہر سی ڈی اے حکام کا موقف ہے کہ تعمیراتی فرم نے کریکس کی مرمت کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد ایک سال کے اندر جو بھی خرابی ہوگی اسکی مرمت کی ذمہ داری تعمیراتی فرم کی ہے جس کی معقول رقم سی ڈی اے بطور ضمانت اپنے پاس رکھے گا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے انتظامیہ نے یہ پراجیکٹ اوپن ٹینڈر کی بجائے صرف سر کاری کمپنیوں کے در میان مسابقت کی بنیاد پر دیاتھا۔ سی ڈی اے نے جتنے کنٹریکٹ سرکاری تعمیراتی کمپنیوں کو ایوارڈ کئے گئے انہوں نے نجی فرموں کو سب لیٹ کر دیئے‘ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔
اسلام آباد سے مزید