کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے صدر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ باجوڑ حملہ ریاستی اداروں کی بڑی ناکامی ہے ،ملک بھر کی 26انٹیلی جنس ایجنسیاں کہاں تھیں ، حملے کا مقصد عوام سے پارٹی رابطہ توڑنے کی کوشش ہے ، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم ریاستی اداروں کی طرف دیکھ رہی ہے جو ریاست کی حفاظت کے ذمہ دار اور مسؤول ہیں، اسی کے لئےوہ تنخواہیں لے رہے ہیں وہ کہاں ہیں آج؟سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ریاستی ادارے کب ہمارے شکوں کا ازالہ کریں گے، کب وہ ہمارے زخموں کا مرہم بنیں گے، کب وہ ہمارے مستقبل اور آنے والی نسلوں کی حفاظت کا نظام بنائیں گے؟انہوں نے بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جے یو آئی کی مرکزی مجلس شوری کا اجلاس طلب کرلیا ہے لیکن اس سے پہلے قبائلی زعما کا جرگہ بلانے کی تجویز آئی ہے۔