کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی کرے گی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ خود مختار ادارہ نہیں اسے حکومت سے اجازت درکارہوتی ہے۔ بدھ کو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ کمیٹی کا اہم اجلاس جمعرات کو بلایا گیا ہے ،بھارت کی دیگر ٹیمیں پاکستان آر رہی ہیں، پاکستان کی ٹیمیں بھارت جا کر کھیل سکتی ہیں تو بھارتی کرکٹ ٹیم کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔ چیئرمین کمیٹی نواب شیر وسیر نے کہا کہ سب کرکٹ کی بہتری چاہتے ہیں، قائمہ کمیٹی اپنی تجاویز ذکا اشرف کو بھجوائے گی، اجلاس میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی نے 37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش ٹورنامنٹ جیتنے پر سراہا۔