• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیم کو نیا ٹیلنٹ دینے والے انضمام پھر چیف سلیکٹر مقرر، بہترین سلیکشن کیلئے پرجوش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کو کئی فتوحات اور نیا ٹیلنٹ دینے والےسابق کپتان انضمام الحق دوسری بار قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بن گئے۔ انہیں گذشتہ ہفتے پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کا رکن بنایا گیا تھا۔ چیف سلیکٹر بننے کے بعد وہ ٹیکنیکل کمیٹی کی رکنیت سے دستبردار ہوگئے ہیں،وہ پشاور زلمی کا بھی حصہ نہیں ہونگے۔ نئی سلیکشن کمیٹی افغانستان سیریز اور ایشیا کپ کیلئے ٹیم منتخب کرے گی۔2019 کے ورلڈ کپ کی طرح وہ2023کے ورلڈ کپ کی ٹیم کا بھی اعلان کریں گے۔ انضمام الحق تنخواہ دار چیف سلیکٹر ہوں گے اور ان کی جگہ ٹیکنیکل کمیٹی میں کسی اور سابق کھلاڑی کا تقرر کیا جائے گا۔ پی سی بی نے عہدے کی معیاد کا اعلان نہیں کیا لیکن انہیں تین سال تک ذمے داری سونپی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے ذکاء اشرف کا شکر گذار ہوں جنہوں نے مجھے موقع دیا ہے۔ عہدے پر دوبارہ کام کرنے کیلئے پرجوش ہوں۔ میرے پچھلے دور میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی، سب سے بڑھ کی کامیابی یہ رہی کہ موجودہ ٹیم کے کئی کھلاڑی ہمارے منتخب کئے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں سلیکشن کمیٹی کا سربراہ ہونا ایک مشکل کام ہے لیکن اس بار یہ اس لیے زیادہ چیلنجنگ ہے کہ اس سال ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کا دورہ شامل ہیں۔ وقت کم ہونے کے باوجود ہم بہترین ٹیموں کا انتخاب کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ انضمام الحق مینز سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر ہونگے، کمیٹی میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور حسن چیمہ سیکریٹری شامل ہونگے۔ کمیٹی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کا سلیکشن کرے گی۔ کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں انضمام کے متبادل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ 53 سالہ انضمام الحق نے اگست 2016 ء سے جولائی 2019 تک سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ منیجمنٹ کمیٹی چیف ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ انضمام الحق نے ان کی پیشکش قبول کرتے ہوئے چیف سلیکٹر بننا قبول کیا۔

اسپورٹس سے مزید