• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگران وزیراعظم کیلئے میں نے 3 نام فائنل کرلیے، اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض

لاہور (نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعظم کیلئے اپوزیشن ساتھیوں کی مشاورت سے تین نام فائنل کر لئے ہیں، آج وزیراعظم سے ملاقات کروں گا، میرے تینوں نام 90 فیصد فائنل ہو گئے، جبکہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی توڑنے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام دینے کیلئے 8 دن کی آئینی مدت کے دوران ہی فیصلہ ہو جائیگا، رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ حلقہ بندی آئینی تقاضا مکمل ہو گا تو الیکشن ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ و رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ آئینی تقاضے کو پورا کرتے ہوئے حلقہ بندیاں کروائے گا، حلقہ بندی میں تقریباً 120 دن لگتے ہیں، اس میں کوئی کئی ماہ والی بات نہیں، جیسے ہی حلقہ بندی کا آئینی تقاضا مکمل ہوگا تو الیکشن ہونگے۔ایک بیان میں رانا ثناء نے کہا کہ الیکشن کے دوران کسی حادثے کی توقع ہو سکتی ہے، آج سے کچھ دن قبل سیاسی جلسے میں ایک بہت بڑا حادثہ ہوچکا ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن اس وجہ سے آگے نہیں جائینگے یا ملتوی نہیں ہونگے، نگران حکومت اور سکیورٹی ادارے اس کو مینج کرینگے کہ الیکشن بروقت ہوں، باقی معاملات بھی آئین و قانون کے مطابق آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کا افغانستان کے حوالے سے پیغام سخت بیان نہیں ہے، آرمی چیف کا بڑا مدلل اور حالات کے مطابق بالکل صحیح جواب ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن نیتصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کل اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری صدر مملکت عارف علوی کو بھجوائیں گے،کل ورکنگ آورز کے اختتام پر وزیراعظم سمری صدر مملکت کو بھیجیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کا عمل جاری ہے۔ نگران وزیراعظم کیلئے قومی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا جائے گا،اتفاق رائے سے کسی کو بھی نگران وزیراعظم نامزد کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی توڑنے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام دینے کیلئے 8دن کی آئینی مدت کے دوران ہی فیصلہ ہو جائیگا۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے فائنل کئے گئے تینوں ناموں میں سے ففٹی ففٹی چانس ہے کہ ایک پر اتفاق ہوجائیگا اور اگر نہ ہوا تو رات کو اور اگلے دن وزیر اعظم سے پھر ملاقاتیں کرویگا۔ راجا ریاض نے بتایا کہ ملکی معاشی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ریٹائرڈ بیورو کریٹ اور بینکر کا نام فائنل کیا ہے۔ دوسری جانب نگران وزیراعظم کی تقرری پر مشاورت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی ملاقات طے پا گئی جو آج (بدھ کو) ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید