ملتان (سٹاف رپورٹر) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک سے غُربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، بے نظیر کفالت پروگرام کے تحت صوبہ پنجاب میں کل 42 لاکھ 65 ہزار 871 رجسٹرڈ خاندانوں میں سے 39 لاکھ 30 ہزار سے زائد مستحقین میں 35 ارب سے زائد کی رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ تاہم باقی خاندان جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) سے رجسٹرڈ ہیں ان پر زور دیا گیا کہ وہ مالی سال 2022-23 کی چوتھی سہ ماہی قسط جلد از جلد وصول کر لیں۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی پنجاب ندیم عالم بٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسے خاندان جو BISP سے رجسٹرڈ ہیں اور انہیں 8171 سے میسج موصول ہوا ہے اور انہوں نے ابھی تک رقم وصول نہیں کی ہے وہ سہ ماہی قسط حاصل کرنے کے لیے قریبی HBL Konnect کے ایجنٹ سے رابطہ کریں۔ سہ ماہی کی قسط اضافہ کے بعد9000 روپے ہے اور اس کے ساتھ ساتھ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رجسٹرڈ بچوں کے تعلیمی وظائف کا اجراء بھی کیا گیا ہے۔ شرح خواندگی کو بڑھانے کے لیے بے نظیر تعلیمی وظائف پروگرام کامیابی سے جاری ہے ، خواتین اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروا کر اور قریبی BISP آفس میں رجسٹر کروا کر تعلیمی وظائف پروگرام سے فائدہ اٹھا کر اپنے بچوں کی پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک وظیفہ حاصل کر سکتی ہیں ۔