پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر پشاور ہائیکورٹ کینٹین کے مالک کو نوٹس جاری کردیا۔ سیکرٹری محکمہ خوراک محمد عابد خان اور ڈائریکٹر فوڈ یاسر حسن کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے پشاور ہائی کورٹ کے کینٹین میں اشیائے خوردونوش کی چیکنگ کی اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی۔ روٹی کا وزن 120گرام کے بجائے 98 گرام تھا جبکہ پکوڑے بھی سرکاری نرخنامے کے برعکس دو سو روپے فی کلو زیادہ بیچا جا رہا تھا جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے کینٹین کے مالک کو نوٹس جاری کردیا جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے کینٹین کو تیار روٹی سپلائی کرنیوالے تندور کے مالک کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے محکمہ خوراک کے افسران کی جانب سے کی جانیوالی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں وہ شہر کے جس کونے میں بھی ہوں وہ محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیح ہے