لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بلوچستان عوامی پارٹی کے انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیر اعظم بنانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم کا انتخاب بلوچستان سے ہونا مثبت قدم ہے۔وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں نگران وزیراعظم پر اتفاق رائے پیدا ہونا خوش آئند ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں سراج الحق نے کہا کہ انوارالحق کاکڑکی بروقت تقرری سے خدشات دور ہو گئے۔ نگران حکومت غیرجانبدار ہو کر مقررہ آئینی مدت میں صاف اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے ۔شکر ادا کرتے ہیں کہ کوئی آئی ایم ایف یا ورلڈ بینک کا نمائندہ نگران وزیراعظم کے طور پر نہیں آیا۔ دریں اثنا اسلام آباد میں ویمن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےسراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں نے جانے سے قبل اربوں کی کرپشن کے مقدمات ختم کروالئے، جنہیں جیلوں میں ہونا چاہیے وہ قوم پر مسلط ہیں۔