پشاور(جنگ نیوز)حمزہ فاؤنڈیشن کے زیراہتمام تھیلی سیمیاسے متاثرہ بچوں نے یوم آزادی منایا اورکیک کاٹا ۔بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں چیئرمین اعجازعلی خان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی،تھیلی سیمیابچوں کو یوم آزادی کے مناسبت سے مخصوص ڈریس اورٹوپیاں پہنائی گئی تھیں ۔ تھیلی سیمیاسے متاثرہ بچوں کا حوصلہ اورجوش وجذبہ قابل دیدتھااورانہوں نے بھی اس عزم کااعادہ کیا کہ وہ ملک کی خوشحالی کیلئے کام کرینگے۔ مقررین نے کہا کہ دیگرشہریوں کی طرح تھیلسیمیاسے متاثرہ بچے بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور وہ بھی ملک وقوم کا قیمتی سرمایہ بن کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں جس کیلئے انکی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے۔انہیں نظرانداز کرنے کی بجائے حکومت اور دیگرمتعلقہ اداروں کو ان پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ حمزہ فاؤنڈیشن میں اسوقت 1470کے قریب تھیلسیمیاودیگربیماریوں سے متاثرہ بچے زیرعلاج ہیں جنہیں2006سے مفت سروسزفراہم کی جارہی ہیں لہٰذا دوسرے لوگوں کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ انکی مدد کریں۔ تقریب کے آخر میں جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ بچوں کو ملکی ترقی وسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور کبوتر اور غبارے بھی ہوا میں چھوڑے گئے۔