لاہور (نمائندہ جنگ،اے پی پی)ڈپٹی کمشنر کا کسی بھی شخصیت اور کارکن کو کسی بھی وقت بغیر اجازت نظر بند کرنے کا اختیار بحال ہوگیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن اور جسٹس مرزا وقاص رئوف پر مشتمل دو رکنی بنچ نے تین ایم پی او نظر بندی کے خلاف سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کردیا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن اور جسٹس مرزا وقاص رئوف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے پنجاب حکومت کی اپیل پر سماعت کی جس میں سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ بدھ کو دوران سماعت سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ بغیر وجہ بتائے نظر بندی کا آئین اور قانون اختیار دیتا ہے جسے ختم یا معطل نہیں کیا جا سکتا، نظر بندی کا ڈپٹی کمشنر کا صوابدیدی اختیار ختم ہو تو اس کی افادیت اور اہمیت بھی ختم ہوجاتی ہے۔