گوادر (این این آئی) پسنی میں ایرانی تیل کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ سے ماہی گیر وں کی پریشانیوں میں مزید اضافہ ہوگیا ،غریب ماہی گیروں کے گھروں میں کھانے کے لالے پڑ گئے ،ضلعی وتحصیل انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔تفصیلات کے مطابق پسنی سمیت گوادر ضلع بھر میں آئے روز ایرانی تیل کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر ماہی گیری شعبہ سے وابستہ سمیت عام عوام میں شدید بے چینی ہائی جاتی ہے، غریب ماہی گیروں کے مطابق ضلع بھر میں ایرانی تیل کی نرخ میں بے ضابطگیوں کے وجہ سے ایرانی تیل کی ڈیلروں کی من مانیاں عروج پر ہیں جس کے سبب اس ہوشربا و کمر توڑ مہنگائی کے باعث عام عوام میں شدید پریشانی و بے چینی پائی جاتی ہے جو ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جو عام عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے، مقامی ماہی گیروں کے مطابق ایک طرف مہنگائی عروج پر ہے اور دوسری جانب تیل کی قیمتوں میں آئے روز من مانہ و خودساختہ اضافے کے سبب عام عوام سمیت اس کے اثرات سے ماہیگیر متاثر ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ ان کے کمائے آمدن سے تیل کے اخراجات زیادہ ہیں جو روز بہ روز بڑھتے جا رہے ہیں، مقامی ماہیگیروں نے اعلیٰ حکام سے ایرانی تیل کی خودساختہ قیمتوں میں کمی لانے سمیت تیل ڈیلروں کو ان کے من مانی سے روکنے و تیل کی مناسب نرخ مقرر کرنے کی اپیل کی، ان کے مطابق اگر انتظامیہ کی جانب ان خودساختہ قیمتوں کو قابو نہ کیا گیا تو ان کے بچے نان شبینہ کے محتان ہونگے اور ان کے گھروں میں دال روٹی تک کے لالے پڑھ جائیں گے۔