پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ نے پشاور یونیورسٹی کے ہاسٹلوں میں چوری اور منشیات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعات سیکورٹی پر سوالیہ نشان ہیں۔ اس سلسلے میں آئی جے ٹی کا ہنگایم اجلاس ہوا جس میںکہا گیا کہ جامعہ کے ہاسٹلوں میں آئے روز چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات اور منشیات کا کھلےِ عام استعمال انتہائی افسوسناک ہے ،روزانہ کی بنیاد پر کمروں کے تالے ٹوٹے ہوئےملتے ہیں اور طلبہ کو قیمتی سامان (لیپ ٹاپ ،موبائل وغیرہ) سے محروم کیا جاتاہے ۔ ہاسٹلوں میں سیکورٹی کا نام و نشان نہیں اور دوسری طرف پشاورکیمپس کے تھانے میں پانچ سو سے زیادہ اہلکار ہونے کے باوجود منشیات کا بے تحاشہ اضافہ کیمپس پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ کیمپس پولیس اور انتظامیہ ترجیحی بنیادوں پر ہاسٹلوں میں منشیات اور چوری کی روک تھام کیلئے اقدامات کرے بصورت دیگر طلبہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔