اسلام آباد (این این آئی)نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں،ممالک میں مختلف امور پر اتفاق اور اختلاف بھی رہتا ہے، ضروری نہیں امریکا کیساتھ ہر معاملے پر اتفاق ہو، ہم منفی توانائیوں پر یقین نہیں رکھتے،حکومت کی مدت کی عدم تکمیل غیر جمہوری نہیں،جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، پاکستان کے عوام میں بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت ہے۔ وہ ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبا سے ملاقات اور سوال وجواب کی نشست کے دوران گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعظم نے ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبا کی وزیراعظم آفس آمد پر خیر مقدم کیا۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان ایسے سماجی معاہدے پر یقین رکھتے ہیں جہاں حقوق کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایک متنوع معاشرے کی حیثیت کا حامل ملک ہے، گزشتہ 200 برسوں میں امریکا نے زبردست ترقی کی ہے، باقی ملکوں کیلئے امریکی ترقی سے سیکھنے کے مواقع ہیں، ضروری نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے پر اتفاق ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ گزشتہ سال بلوچستان اور سندھ میں موسمیاتی تغیر کے منفی اثرات کے باعث آنے والے سیلاب نے بڑی تباہی کی ہے۔۔ نگراں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانی ڈاکٹرز امریکی معاشرے میں ہماری پہچان ہیں ، پاکستان اپنے ڈاکٹرز کی اعلیٰ تعلیم اور معیاری تربیت پر بہت خرچ کرتا ہے، پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اچھے مواقع کی تلاش میں ملک سے باہر جانا کوئی انہونی بات نہیں، ساٹھ اور ستر کی دہائی میں بھارت سے پڑھے لکھے نوجوان ملک سے باہر گئے اور 30 سال بعد وہی لوگ اپنے ملک کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوئے۔