• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی کی قیمت 200 روپے کلو، حکومت بڑھتے نرخ روکنے میں ناکام، عوام پریشان

کراچی(نیوز ایجنسیز) ملک بھر میں چینی کی قیمت کنٹرول نہیں ہوسکی،کئی شہروں میں ڈبل سنچری،حکومت بڑھتے نرخ روکنے میں ناکام ہوگئی،مہنگی بجلی اور پٹرول کے ساتھ ساتھ دن بدن بڑھتی مہنگائی نے پریشان حال عوام کی چیخیں نکال دیں، تفصیلات کے مطابق حکومت کے اعلانات اور نوٹس منافع خوروں کو لگام نہ ڈال سکا اور ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی ڈبل سنچری ہوگئی۔ ملک میں چینی کی بڑھتی قیمتیں رکنے کا نام نہیں لے رہیں، کوئٹہ میں چینی کی قیمت 15روپے اضافے کے بعد 205روپے فی کلو ہوگئی جبکہ ایک ہفتے کے دوران کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 35 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ کراچی میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، اور ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 178روپے کلو جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں 185روپے کلو تک پہنچ گئی ہے۔ پشاور میں بھی چینی کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا، پشاور کی عام مارکیٹوں میں 100روپے فی کلو ملنے والی چینی اب 200روپے میں فروخت ہونے لگی ہے۔ پی ڈی ایم حکومت نے چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی لیکن نگراں حکومت نے چینی کی برآمد پر پابندی لگادی ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملک میں چینی کے وافر ذخائر ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور چینی کی قیمت میں اضافے کی وجہ ناقص گورننس اور بے ایمان کاروباری طریقوں کو قرار دیا ہے۔ دوسری جانب مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام بے بس ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ دو وقت کی روٹی تو دور کی بات اب ایک وقت کا کھانا بھی دشوار ہوگیا ہے۔ کراچی کے بازاروں میں سبزیوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، ایک کلو مٹر 400 روپے جبکہ بھنڈی 160روپے تک جا پہنچی ہے۔ شہری کہتے ہیں سرکاری نرخ کہیں آویزاں ہی نہیں کئے گئے، دکاندار اپنی من مانی کر رہے ہیں۔ ادھر لاہور میں 20کلو آٹے کا تھیلا 2800کا ہوگیا ہے جبکہ ماش کی دال 600روپے تک جا پہنچی ہے۔ اسلام آباد کے اتوار بازار میں بھی اشیائے خورد و نوش کی زیادہ قیمتوں نے غریب عوام کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ غریب مر رہا ہے، کسی کو ان کی فکر نہیں۔مہنگائی کا جن بدستور بے قابو ہے اور اشیا خورد نوش کی قیمتوں میں روز بروز پر لگ رہے ہیں، جب کہ چینی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید