اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کی آمدن سے زیادہ بل اور اشرافیہ کی عیاشیاں ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ ملک میں اس وقت نہ کوئی آئین و قانون ہے اور نہ عدل و انصاف کے مطابق فیصلے ہو رہے ہیں۔ 90دن کی آئینی مدت میں الیکشن نہ ہوئے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جائے گی۔ نگران حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دینے کا رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ فوری طور پر اشرافیہ، مافیا اور مراعات یافتہ طبقہ کا راستہ روکا جائے اور عوام پر بوجھ ڈالنے کی بجائے صاحب حیثیت افراد پر ٹیکس لگایا جائے، بجلی کے بلوں میں ریلیف کے معاملے پر قوم کوئی لالی پاپ قبول نہیں کرے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے تھانہ سوات میں ذمہ داران اور بعدازاں منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔