• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چترال افغان سرحد پر دہشت گردوں کا فوجی چوکیوں پر حملہ پسپا، پاک فوج کے 4 جوان شہید، 12 دہشتگرد ہلاک

چترال ( جنگ نیوز) چترال کے علاقے کیلاش میں افغان سرحد پر دہشت گردوں کا فوجی چوکیوں پر حملہ پسپا کردیا گیا اور 12دہشت گرد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، تاہم حملے کے نتیجےمیں 4؍ فوجی بھی شہید ہوئے، آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے کیلاش میں 2پوسٹوں کو نشانہ بنایا، خطرے کے انتباہ کے پیش نظر چوکیاں پہلے ہی چوکس تھیں ، اہلکار بہادری سے لڑےنورستان اور کنڑ کے علاقوں گواردش، پیتگال، بارغ متل اور بتاش میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا پہلے ہی سراغ لگایا اور افغان عبوری حکومت کو بروقت آگاہ کیا تھا۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے فوجی چیک پوسٹس پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ’جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ نے ضلع چترال کے علاقے کیلاش میں افغانستان کی سرحد کے قریب قائم فوج کی دو چوکیوں پر حملہ کیا‘۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کے صوبے نورستان اور کنڑ کے علاقوں گواردش، پیتگال، بارغ متل اور بتاش میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں کا پہلے ہی سراغ لگایا گیا اور افغانستان کی عبوری حکومت کو بروقت آگاہ کردیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کے حملوں کے خطرے کے باعث سیکیورٹی اہلکار ہائی الرٹ تھے اور اہلکار بہادری سے لڑے اور دہشت گردوں کے حملے پسپا کر کے بھاری نقصان پہنچایا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 12دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا اور بڑی تعداد میں دہشت گرد زخمی بھی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور سپاہیوں کی اس طرح کی قربانیوں سے ہمارا عزم مزید مضبوط ہگا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ چترال کے بہادر عوام بھی مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشتگردوں کو علاقے کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغانستان کی عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنے وعدے پورے کریگی اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے فوجی چیک پوسٹس پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ادھر کوئٹہ میں بھی 4دہشت گرد مارے گئے، ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مبینہ حملہ آوروں سے خودکش جیکٹس ،اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید