• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، محکمہ اعلیٰ تعلیم کی ہفتہ وار خصوصی نگرانی مہم مکمل، 75 کالجوں کا معائنہ

پشاور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ اعلیٰ تعلیم (ایچ ای ڈی) نے پشاور ، ملاکنڈ ، ہزارہ اور جنوبی اضلاع سمیت خیبر پختونخوا کے اہم علاقوں میں ہفتہ وار خصوصی نگرانی مہم کامیابی کیساتھ مکمل کر لی ہے۔ مہم کے دوران افسران پر مشتمل خصوصی ٹیموں نے مختلف اضلاع کے مرد اور خواتین کالجوں کا روزانہ دورہ کرتے ہوئے 75کالجوں کا جائزہ لیا جن میں سے 17مالاکنڈ،پشاور اور جنوبی علاقوں میں اور 14ہزارہ میں تھے۔ ان دوروں کے نتیجے میں آنے والی رپورٹس مجموعی طور پر قابل اطمینان رہیں جبکہ کچھ خدشات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اعلی ٰحکام کو ایک جامع رپورٹ پیش کی گئی ہے اور نتائج کی بنیاد پر اسٹریٹجک حل وضع کرنے کیلئے ایک اعلی ٰسطح اجلاس کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر انیلہ محفوظ درانی اور ایڈیشنل سیکرٹری سید مظہر علی شاہ کی قیادت میں مشن کا مقصد تعلیمی اداروں کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنا تھا۔ اس میں آپریشنل معیار کا اندازہ لگانے، حاضری کی جانچ پڑتال اور حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی گئی۔ مزید برآں طلباء کے اندراج کو زیادہ سے زیادہ کرنے کیلئے جاری آن لائن داخلہ مہم کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ ٹیموں میں ڈاکٹر فرید اللہ شاہ ڈائریکٹر اعلیٰ تعلیم، ڈاکٹر امجد رفیع ڈائریکٹر جنرل کامرس ایجوکیشن، ڈاکٹر فضل ہادی علاقائی ڈائریکٹر برائے جنوب، ڈاکٹر محمد ارشد علاقائی ڈائریکٹر ہزارہ اور ڈاکٹر سید اشتیاق حسین ایچ ای ایم آئی ایس ڈائریکٹر شامل تھے۔
پشاور سے مزید