پشاور (اے پی پی):پشاور میں ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کی زیر صدارت بجلی کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی اور بقایا جات کی وصولی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایس ای خیبر سرکل نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو بجلی چوری سے متعلق بریفنگ دی ۔ اجلاس میں پشاور میں بجلی چوری کی روک تھام، کنڈا مافیا کے خلاف کارروائی اور بقایاجات کی وصولی کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی اور بتایا گیا کہ پشاور میں کنڈا مافیا کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی زور و شور سے کارروائیاں جاری ہیں اور مشترکہ آپریشن میں پشاور کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں کنڈوں کو اتارا گیا ہے جبکہ کنڈا مافیا کے خلاف مقدمات درج کر دیئے ہیں۔اجلاس میں سپر نٹنڈنگ انجینئر خیبر سرکل پیسکو محمد فاروق ارباب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی، انتظامی افسران، ٹی ایم ایز افسروں، لوکل گورنمنٹ اور پولیس سمیت دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔