کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے میچوں کے پہلے دن ہفتے کولاہور ریجن وائٹس کے علی زریاب اور احمد شہزاد نے راولپنڈی کے خلاف سنچریاں اسکور کیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں لاہور ریجن وائٹس نے کھیل کے اختتام پر تین وکٹوں کے نقصان پر 349 رنز بنائے تھے۔ علی زریاب اور احمد شہزاد نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 234 رنز کا اضافہ کیا۔علی زریاب تین چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے 182 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔احمد شہزاد دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے102 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ پنڈی اسٹیڈیم میں فیصل آباد نے ٹاس جیت کر کراچی وائٹس کو بیٹنگ دی جس نے کھیل ختم ہونے پر 141 رنز بنائے تھے اور اس کا ایک کھلاڑی آؤٹ ہوا تھا۔عماد عالم 56رنز جبکہ عمیر بن یوسف 62رنز پر کھیل رہے تھے ۔شعیب اختر اسٹیڈیم پنڈی میں ہونے والے میچ میں ملتان نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ دی جس نے پہلے دن کا اختتام 43 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر کیا۔ایبٹ آباد میں فاٹا اور لاہور بلوز کے درمیان میچ کے پہلے دن کھیل گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ممکن نہ ہوسکا۔