• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، نجی پلازہ پر چھاپہ، 40 کروڑ روپے سے زائد کرنسی سیل، انکوائری کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایف آئی اے نے مری روڈ پر واقع ایک نجی پلازہ میں چھاپہ مار کر 40کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کرنسی برآمد کرکے سیل کر دی ہے اور نجی ادارے کو اپنے موقف کی تائید کے لئے نوٹس جاری کر کے پیر کو طلب کرلیا ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا ہے مالک ن نے کہا ہے کہ کوئی نجی بینک نہیں تھا برآمدرقم کی منی ٹریل فراہم کر دی ،ایف آئی اے نے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی معاونت سے پلازے میں چھاپہ مار کر کئی گھنٹوں تک پلازے کی تفصیلی تلاشی لی اور لاکرز میں کرنسی کا جائزہ لیا، گنتی کے بعد چالیس کروڑ کی کرنسی کو سیل کر کے سرکاری پہرہ بٹھا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایف آئی اے کو شکایت ملی تھی کہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک نے اپنے نجی پلازے میں بینک قائم کر رکھا ہے جس میں غیر قانونی طور پر کرنسی کا دھندہ بھی چلایا جا رہا ہے، چھاپے کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وہاں موجود ملازمین کو وہیں حراست میں رکھا اور آپریشن مکمل ہونے پر انہیں جانے کی اجازت دے دی گئی مالکان سمیت کسی کو گرفتارکر نہیں کیا گیا۔ اس ضمن میں شیخ افتخار عادل نے رابطے پر کہا ہے کہ ان کے پلازے میں کوئی نجی بینک نہیں تھا جو رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا وہ کاروباری کیش تھا جس کی منی ٹریل فراہم کر دی گئی ہے انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے لاکر سے کوئی غیرملکی کرنسی برآمد نہیں ہوئی۔
اہم خبریں سے مزید