کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے زبردست آغاز کیا ہے، نئے چیف جسٹس کے آغاز کے دس دن دیکھنے کے ہیں، احتساب کیلئے آرمی چیف اور چیف جسٹس کھڑے ہوگئے ہیں، عوام چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ہیروز کی نظر سے دیکھ رہے ہیں، پاکستان کی عوام اب پارٹی لیس لوگو ں کے ساتھ راج کرے گی۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری اور ن لیگ کے رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا بھی شریک تھے۔عابد زبیری نے کہا کہ پاکستان کا مقدر اللہ کے بعد سپریم کورٹ کے ہاتھ میں ہے، سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کروائے تو ملک کا مقدر بدل جائے گا،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو فیض آباد دھرنا کیس فیصلے پر عملدرآمد کروانا چاہئے۔بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ توقع ہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ آئین و قانون کے مطابق کردار ادا کریں گے، نواز شریف نے جنرل راحیل شریف کو ایکسٹینشن نہیں دی جس کی انہیں سزا بھگتنا پڑی،راجا ریاض اب رکن اسمبلی نہیں اپنا سیاسی فیصلہ کرسکتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈانےکہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دلیر آدمی ہیں ہاف کریز پر کھیلتے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے زبردست آغاز کیا ہے، نئے چیف جسٹس کے آغاز کے دس دن دیکھنے کے ہیں، عوام چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو ہیروز کی نظر سے دیکھ رہے ہیں، اٹھارہ بوسیدہ جماعتوں اور اٹھارہ بے ایمان لیڈرز کیلئے برا وقت آگیا ہے، پاکستان کی عوام اب پارٹی لیس لوگو ں کے ساتھ راج کرے گی،ہم تو پارٹی لیس ہیں ہمارے لیڈر نے کہیں کا نہیں چھوڑا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے 2016ء میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر بھی اٹیک کیا تھا، چوہدری نثار علی خان نے ان کیخلاف پریس کانفرنس کی تھی، ن لیگ نے بیانیہ بنایا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس بن کر ان کا فرمائشی پروگرام پورا کریں گے، چیف جسٹس نے اس کے برخلاف واضح کردیا کہ میں کسی کے تابع نہیں ہوں، نیب کو بازو مروڑنے کیلئے نہیں حقیقی احتساب کیلئے چلنا چاہئے ۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے کہا تھا فیضو صاحب سے چلیں گے اور کوئٹہ پر رکیں گے وہ دن قریب آگیا ہے۔