اسلام آباد( طاہر خلیل، عاطف شیرازی، عاصم یٰسین) پاکستان پیپلز پارٹی ڈیجٹیل میڈیا نارتھ کے سربراہ اورسابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کےصاحبزادے عمر رحمان ملک نے کہاہے کہ پاکستان کی ترقی کا مستقبل ڈیجیٹل پاکستان میں ہے ، بدقسمتی سےرائٹ ونگ کی سیاسی جماعتوں نے ڈیجٹیل پلیٹ فارم کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر کے نوجوانوں سے تہذیب چھین لی اورشارٹ ٹرم فوائد لیے ، پاکستان پیپلزپارٹی لمبی ریس کاگھوڑا ہے اس لیے ہم ڈیجٹیل پلیٹ فارمز کو شارٹ ٹرم نہیں لانگ ٹرم مقاصد کے لیے استعمال کریں گے،دائیں بازو کی جماعتوں نے سوشل میڈیا کو نیم کالنگ او ردرٹی پراپگنڈے کے لیے استعمال کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز جنگ اور دی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ا س موقع پر ان کے بھائی علی رحمان ملک بھی موجود تھے ،، والد کے انتقال کے بعد عمررحمان ملک اور علی رحمان ملک کا کسی بھی میڈیا ہاوس کو دیا گیا یہ پہلا انٹرویو ہے ، انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر انہیں ڈیجیٹل میڈیا نارتھ ونگ کی سربراہی سونپی گئی ہے ۔پاکستان کی ترقی ڈیجٹیل پاکستان میں ہی ہے لیکن گزشتہ چند سالوں میں رائٹ ونگ کی سیاسی جماعتوں نے جس طرح ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کا غلط اور مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے وہ قابل افسوس ہے دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں نے شارٹ ٹرم مقاصد کے لیے پرتشدد ڈائیلاگ اور گالی گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا ۔اس کلچر نے نوجوانوں سے تہذیب چھین لی ہے ، ڈیجٹل پلیٹ فارمز سے نیم کالنگ اور درٹی پراپگنڈے کیے گئے ہم ڈیجٹل پلیٹ فارم کو شارٹ ٹرم مقاصد کےلیے استعمال نہیں کریں گے ، اس پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی سمت متعین کریں گے ، انہوں نے کہاکہ پارٹی پوزیشن دینا چئیرمین بلاول بھٹو کا اختیار ہے وہ جو بھی زمہ داری سونپیں گے بھرپور صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کی ترقی کے لیے کردار ادا کریںگے۔ انہوںنے کہاکہ توانائی اور معاشی بحران کا حل پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس ہے معاشی بحران کے حل کےلیے مقامی بزنس کمیونٹی کے لیے آسانی پیدا کی جائے، مقامی بزنس من کوبااختیار کیا جائے انہیں مواقع فراہم کیا جائے فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی بزنس کمیونٹی کو بااختیار کرنے سےملکی معشیت کو سنھبالا جاسکتا ۔ انہوںنے کہاکہ توانائی بحران کاحل گلوبل معاہدوں سے ہی ممکن ہے ، توانائی کے جو عالمی معاہدے کیے گئے ہیں انہیں پورا کیا جائے ،تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کو جوٹرسٹ ڈیفیسٹ کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس تاثر کو زائل کیا جاسکا ۔