کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الر حمٰن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنا خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ہونا تویہ چاہیے تھا کہ انتخابات 90دن میں ہی کروائے جاتے، تاہم اصل سوال شفافیت کا ہے،الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ صاف اور شفاف انتخابات کویقینی بنائے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، بظاہر ان کے نزدیک الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے کراچی اور اندرون سندھ میں جو بلدیاتی انتخابات کروائے گئے تھے وہ لیول پلیئنگ فیلڈ تھی۔ بلاول چاہتے ہیں کہ پورا کا پورا سسٹم ان کے ہاتھ میں ہو، جس رنگ میں مقابلہ ہونا ہے وہ زرداری کاہواور جو امپائر ہو وہ بلاول کا ہواور جو قبضہ ہو وہ پیپلزپارٹی کا ہو۔