• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فاسٹ بولر احسان اللّٰہ کی کہنی کا لاہور میں خاموشی سے آپریشن

کراچی(عبدالماجدبھٹی) ورلڈ کپ کرکٹ سے قبل فاسٹ بولر نسیم شاہ کندھے کی انجری کی وجہ سے ورلڈ کپ سے آئوٹ ہوچکے ہیں۔محمد حسنین پہلے ہی ان فٹ ہیں۔ایسے میں سوات سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر احسان اللہ کا میڈیا میں ذکر نہیں آیا ۔20 سالہ احسان اللہ کئی ماہ تک کہنی کی انجری کی وجہ سے شدید تکلیف میں مبتلا رہے اور پی سی بی نے لاہور میں ان کی کہنی کا خاموشی سے آپریشن کرادیا جس کی وجہ سے وہ چار پانچ ماہ تک کرکٹ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں بد انتظامی کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ایک اہم بولر کی خدمات سے محروم ہے۔حد درجہ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق پی ایس ایل8میں ملتان سلطانز کی جانب سے اپنی رفتار سے بیٹسمینوں کے چھکے چھڑانے والے احسان اللہ چندماہ قبل دائیں ہاتھ کی کہنی کی تکلیف میں مبتلا ہوئے۔پی سی بی میڈیکل پینل نے درست تشخیص کی بجائے انہیں بولنگ کی اجازت دے دی اور وہ قومی اکیڈمی میں ویٹ ٹریننگ کرتے رہے جس سے مسائل بڑھ گئے اور مرض بگڑ گیا۔اس دوران ان کی کہنی میں تکلیف بڑھ گئی اور وہ شدید تکلیف میں مبتلا رہے۔پی سی بی نے انہیں مزید علاج کے لئے دوہا قطر بھیجنے کی کوشش کی لیکن ویزہ مسائل کی وجہ سے وہ دوہا نہ جاسکے۔احسان اللہ کی رپورٹس کو تشخیص کے لئے انگلینڈ بھیجا گیا جہاں ڈاکٹرو ں نے فریکچر کی تشخیص کی۔جس کے بعد گذشتہ دنوں لاہور میں کہنی کا آپریشن کرایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان اللہ کوآپریشن کے بعد اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے اور وہ ری ہیب مصروف ہیں۔لیکن آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز اور پی ایس ایل میں ان کی واپسی مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

اسپورٹس سے مزید