لاہور(جنگ نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ 90 روز میں الیکشن نہ کرانے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے مایوس ہیں کیونکہ وہ آئینی کردار نہیں نبھا سکے،چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں طویل قید کی تیاری ہورہی ہے، جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں ہم سازش کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا وزن کم ہو گیا ہے لیکن ان کے جذبے بلند ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے پاس ورزش اور واک کے لیے جگہ نہیں ہے جس کے لیے پٹیشن دائر کردی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ان سے بات کرنے کوئی نہیں آیا۔علیمہ خان کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سائفر کیس میں طویل قید کی تیاری ہو رہی ہے، عمران خان کا کہنا ہے کہ ان سے بات کرنے کوئی نہیں آیا۔ ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان کا کہنا تھا جیل میں ڈالنا ہے تو ڈال دیں لیکن ہم سازش کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔