اسلام آباد(نمائندہ جنگ)اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے ادارہ جوڈیشل کمیشن کے قواعد میں تبدیلی کیلئے چیف جسٹس اورچیئر مین جوڈیشل کمیشن جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کمیشن کے تمام اراکین کو خطوط لکھ دیئے ہیں،قواعدمیں ترامیم پر تجاویز طلب ، تجاویز آنے کے بعد جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرکے حتمی فیصلہ کیا جائیگا ،یاد رہے کہ پاکستان بار کونسل اور مختلف بار ایسو سی ایشنوں سمیت ملک بھر کی وکلاء تنظیموں کو اعلی ٰعدلیہ کیلئے جج نامزد کرنے کے طریقہ کار پر تحفظات تھے اور اس ضمن میں جوڈیشل کمیشن سے قواعد تبدیل کرنے کیلئے کئی مرتبہ لکھا گیا تھا جبکہ متعدد مرتبہ مختلف حکومتوں نے بھی ججوں کی نامزدگی کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے تھے تاہم چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے لیکر جسٹس عمر عطا بندیال تک جوڈیشل کمیشن کے سربراہوں نے ان مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لیا تھا ،معتبر ذرائع کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد اس معاملہ کو حل کرنے کیلئے سپریم کورٹ اور پانچوں ہائیکورٹس میں ججوں کی تقرری سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے تمام 28ارکان کو خطوط لکھ دئیے ہیں جن میں ان سے قواعدمیں ترامیم پر تجاویز طلب کی گئی ہیں،ذرائع کا کہناہے کہ ترامیم سے متعلق تجاویز آنے کے بعد جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرکے اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔