اسلام آباد (این این آئی) تحریک انصاف نے چیف جسٹس پاکستان سے بروقت انتخابات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوے روز کی آئینی مدت میں انتخاب کا انعقاد لازمی دستوری تقاضا، الیکشن کمیشن کا فرض اور جمہور کا بنیادی حق ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ دستور کے کسی ایک آرٹیکل یا حصے کو معطل کرنا پورے دستور کو معطّل کرنے کے مترادف ہے جو ایک سنگین جرم ہے ۔ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت کے پاس دستور کی منشاء کے مطابق انتخابات کے انعقاد کیلئے محض 34 روز کی مہلت باقی بچی ہے‘نوے روز میں انتخابات کے انعقاد سے گریز کرتے ہوئے آئین پامال کیا گیا تو الیکشن کمیشن اور نگران وزیراعظم اپنی کابینہ سمیت دستور شکنی کے مرتکب، آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کے حقدار ہوں گے۔ ترجمان نے کہاکہ معزز چیف جسٹس دستور کی پامالی کی قبل از وقت راہ روکیں اور الیکشن کمیشن اور نگران سرکار کو دستور کا پابند بنائیں۔